پریس ریلیز
ادارہ پودا پاکستان: عالمی صحت کے روز کی مناسبت سے تقریب
اپریل 2023 راولپنڈی: صحت کے عالمی دن کی مناسبت سے پودا کی جانب منعقد کردہ ایک تقریب کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے بانی و صدر پودا پاکستان محترمہ ثمینہ نذیر نے کہا کہ کسی بھی معزز معاشرے کی ترقی اسکے شہریوں کی اچھی صحت اور تندرستی سے مشروط ہوتی ہے۔ ایک صحت مند معاشرے سے ہی ملک وملت کی بہتری اور فلاح ممکن ہو پاتی ہے۔ انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملکی بجٹ میں صحت کے لئے مختص کردہ رقم کو بڑھانے کی بھی اشد ضرورت ہے اور اس بجٹ کو دیہی خواتین اور نوعمر لڑکیوں پر خرچ کرنے کی ضرورت ہے جو ابھی تک ملکی ترقی کے دھارے میں شامل نہیں کی جاتی ہیں۔ اس سال پوداء اس دن کو کم عمر بچیوں اور خواتین کی تولیدی صحت تک رسائی سیے بطور خاص منسلک کر رہا ہے۔
گزشتہ ۵۷ سال سے تمام دنیا میں صحت کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور باقی دنیا کی طرح پاکستان میں بھی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں شرکاء صحت اور اس سے منسلک اپنے حقوق اور حقائق کو جان پاتے ہیں۔ صحت کی سہولیات کی عوام کو فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے لیے بجٹ میں صحت و صفائی، صحت مند سرگرمیوں کے مواقع اور صحت سے متعلق تحقیق شامل ہیں۔
محترمہ ثمینہ نذیر نے کہا کہ حکومت کو کسی بھی منصوبے کو شروع کرتے ہوئے اس بات کاخاص خیال رکھنا چاہئے کہ اس تک رسائی معاشرے کے ہر فرد کے لئے ممکن ہو چاہے وہ کسی بھی صنف، علاقے اورمعاشرتی طبقے سے تعلق رکھتا ہو۔ اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ معاشرے میں موجود وہ افراد جو کسی بھی جسمانی معذوری کا شکار ہیں ان کو بھی تمام صحت مراکز میں جانے میں مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے کہ نہ صرف صحت مراکز میں بلکہ تمام عوامی مقامات پر خواتین کے لیے صاف اور مناسب ٹوائلیٹ بھی دستیاب ہوں۔ زبانی جمع خرچ سے نہیں بلکہ ضلعی سالانہ ترقیاتی پلان میں اس کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کرنا اور اس پر عمل درآمد بھی ہونا چاہئے۔
تقریب میں موجود شرکاء سے بات کرتے ہوئے دیگر مقررین میں محترمہ افشاں تحسین نے کہا کہ اگر ملکی آبادی صحت مند ہو گی تو حکومت کو اپنے وسائل کو بیماریوں پر خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔ جناب خواجہ زاہد نسیم نے کہا کہ موجودہ آئین میں صحت کے حق سے متعلق کوئی شق نہیں ہے اور اس کو شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محترمہ روبینہ فرید، ممبر قومی کمیشن برائے اطفال،نے کہا کہ صحت دولت ہے اور اس دولت پر عورتوں اور بچیوں کا حق ہے۔ اس بات کی ضرورت ہے کہ ان کے صحت کے بنیادی مسائل پر درست معلومات مہیا کی جائیں تا کہ وہ ایک صحت مند بھرپور زندگی گزار سکیں۔
پودا ء کے پراجیکٹ صنفی مساوات کے لئے کم عمر کی شادیوں کی روک تھام کی پراجیکٹ مینیجر محترمہ نبیلہ اسلم نے پراجیکٹ کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کم عمری کی شادیاں بچیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ہمیں اکٹھے اس حوالے سے آواز اٹھانی ہو گی تاکہ وہ تشدد سے پاک معاشرے میں بحیشت پاکستانی شہری اپنی توانائیوں کو بروئے کار لا سکیں او ر ملکی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکیں۔یہ پراجیکٹ پنجاب بھر میں رائل نارویجین ایمبیسی کے تعاون سے نافذ کیا جارہا ہے۔
مزید معلومات کے لئے 03365119924 پر رابطہ کریں۔